فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے عالمی نگرانی میں ہتھیار ڈالنے سے متعلق رپورٹ کی تردید کردی۔
ایرانی نیوز ایجنسی نے حماس کے ہتھیار ڈالنے سے متعلق العربیہ کی رپورٹ کی تردید کردی۔ رپورٹ میں حماس ترجمان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ لعریبہ پر جاری ہونیوالی خبر غلط ہے، اس کا مقصد عوامی رائے کو گمراہ کرنا ہے۔
حماس رہنماعزت الرشق کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کا انخلا اور امداد کی فراہمی اولین ترجیح ہے، غزہ کی تعمیرنو کیلئے عرب اور اسلامی ممالک کی حمایت ضروری ہے، آزاد فلسطینی ریاست کا قیام چاہتے ہیں،جس کا دارالحکومت القدس ہو۔
واضح رہے کہ العربیہ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے عالمی نگرانی میں ہتھیار ڈالنے پر اتفاق کرلیا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حماس رہنماؤں نے کہا کہ ہم نے امریکا کو ہتھیار ڈالنے کے فیصلے سے آگاہ کردیا، ہمیں قطر کے ذریعے امریکا سے اسرائیل کے مستقل انخلا کی ضمانتیں ملی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حماس ہتھیار فلسطینی اور مصری ادارے کے حوالے کریں گے، اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں جمع کررہے ہیں، لاشیں تلاش کرنے کیلئے بمباری بند کرنے کی درخواست کی ہے تاہم حماس کی جانب سے اب اس رپورٹ کی تردید کردی گئی ہے۔




















