ویمنز ورلڈ کپ میں آزاد کشمیر کی کھلاڑی نتالیہ پرویز کے تعارف پر بھارت نے نیا تنازع کھڑا کردیا۔ ثنامیر نے کمنٹری کے دوران قومی بیٹر نتالیہ پرویز کا تعلق آزاد کشمیر سے بتایا تھا۔
بنگلہ دیش اور پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ کولمبومیں کھیلا گیا ۔ جہاں آئی سی سی کی جانب سے ثنا میر کمنٹری کے فرائض انجام دے رہی تھیں۔
اس دوران نتالیہ پرویز کا تعارف کرواتے ہوئے ثنا میر نے کہا تھا کہ نتالیہ پرویز آزاد کشمیر سے آئی ہیں، بھارت میں اس واقعے کا کلپ تیزی سے وائرل ہو گیا۔ گودی میڈیا کی اکثریت اس واقعے کو تنازع میں بدلنے کی کوشش کی۔
لفظ ’’آزاد کشمیر‘‘ بھارتی میڈیا پر ایٹم بم بن کر گرا۔ تعصبی بھارتی اینکر پرسنز نے آئی سی سی سے ثنا میر کے خلاف کارروائی کامطالبہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ نتالیہ پرویز کا تعلق ضلع بھمبر کی وادی بنڈالہ سے ہے جو کئی ممالک میں قومی ٹیم میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
دوسری جانب ثنامیر نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ افسوسناک ہے کہ عوامی سطح پر وضاحت دینا پڑ رہی ہے، بطور کمنٹیٹرتوجہ صرف کھیل، ٹیموں اور کھلاڑیوں پر ہوتی ہے، کھلاڑیوں کے آبائی علاقوں کا ذکر کہانی کا حصہ ہوتا ہے، براہ مہربانی ہرچیزکوسیاست کا رنگ نہ دیا جائے۔ میراتبصرہ ایک کھلاڑی کے سفراور مشکلات کو اُجاگر کرنے کیلئے تھا۔






















