انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس میں خواتین کرکٹ، کھیل کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
آئی سی سی کے مطابق 2025 ورلڈکپ خواتین کرکٹ کا کامیاب ترین ایونٹ رہا، جسے اسٹیڈیمز میں تین لاکھ شائقین نے دیکھا جبکہ آن اسکرین ناظرین کی تعداد 500 ملین تک پہنچ گئی۔
اجلاس میں ویمنز کرکٹ کے فروغ کے لیے مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ ویمنز ورلڈکپ میں ٹیموں کی تعداد 8 سے بڑھا کر 10 کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ طویل المیعاد ترقیاتی منصوبوں کے لیے اسٹریٹجک اقدامات کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اولمپکس 2028 میں مینزاورویمنز کرکٹ ایونٹس میں 6،6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ آئی سی سی نے ویڈیو گیمز کے حقوق کے لیے ٹینڈر جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔
مزید برآں، ایسوسی ایٹ ممالک کے فنڈز میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا، جو انفرااسٹرکچر اور کھیل کی ترقی پر خرچ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق میٹنگز کے سائیڈ لائنز پر چند رکن ممالک نے کہا کہ ایشیا کپ ٹرافی کا تنازعہ حل ہونا چاہیئے، ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے بھی اس معاملے کے حل پر آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہو۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے بھی تنازعے کے حل میں مدد کی پیشکش کی، تاہم ایشیا کپ ٹرافی کا معاملہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھا اور اس حوالے سے کوئی کمیٹی تشکیل نہیں دی گئی۔





















