وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں خواتین کو کوئی ہراساں کرتاہے تو وہ اپنے انجام کو پہنچتا ہے۔ اب کوئی بیواؤں اور یتیموں کی زمین پر قبضہ نہیں کرسکے گا۔
پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ خواتین کو کوئی ہراساں کرتاہے تووہ اپنے انجام کو پہنچتاہے، میرایہ خواب ہے کہ پنجاب خواتین کیلئے محفوظ ترین جگہ بنے۔ سی سی ڈی نے امن وامن قائم کیا، اس کی مثال نہیں ملتی۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پیرا کے اہلکارخود پر رشوت کو حرام سمجھیں ، گلیوں،بازاروں میں تجاوزات آجانے پرگزر نے کا راستہ بھی نہیں رہتا، تجاوزات ہٹنے،بازار کھلے ہونے سے خواتین بھی خوش ہیں۔ ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں، گندم آٹا، سبزی اورروٹی کی سرکاری قیمت کو یقینی بنانا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب نے ملک کو گورننس کا نیا ماڈل دیا۔ پنجاب کے بہت سارے اضلاع میں کرائم ریٹ صفر ہے، خصوصی ٹریبونل اور خصوصی عدالتیں بنا رہے ہیں، 90 دن کے اندرزمین پر قبضے کا فیصلہ ہوگا۔






















