منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی گئی۔
اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور کی ہدات پر ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی۔
عدالت نے مونس الٰہی کے 8 مختلف بینک اکاونٹس بلاک کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے 6 مختلف غیرمنقولہ جائیدادوں کو منجمد کرنے کی بھی ہدایت دے دی۔
عدالت نے حکم دیا کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروا کر رپورٹ پیش کریں۔
ایف آئی اے نے سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کی جائیدادیں منجمد کرنے کی درخواست کی تھی۔ جس پر عدالت نے تحریری حکم دیا کہ مونس الٰہی اگر 30 دنوں میں عدالت پیش نہیں ہوسکتے تو اشتہاری قرار دیا جائے گا۔
عدالتی حکم میں کہا گیا کہ عدالت مطمئن ہے کہ مونس الٰہی موجودہ عدالتی کارروائی سے بخوبی آگاہ ہیں، مونس الٰہی دانستہ طور پر روپوش ہیں۔
لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت کے جج تنویر احمد شیخ نے مونس الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں تحریری حکم جاری کیا۔