رائل کالج آف آرٹ (آر سی اے) سے ماسٹر آف فائن آرٹس مکمل کرنے والے پاکستانی طالب علم محمودالحسن نے اپنی گریجویشن تقریب میں فلسطینی پرچم اوڑھ کر شرکت کی۔ یہ اقدام برطانیہ کی جانب سے فلسطین کو باضابطہ طور پر آزاد ریاست تسلیم کرنے کے ایک روز بعد کیا گیا ۔
21 ستمبر 2025 کو برطانوی حکومت نے فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے اس فیصلے کو دو ریاستی حل کے عزم اور مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں کی تجدید قرار دیا۔ یہ فیصلہ عالمی سفارتی اور سیاسی حلقوں میں بڑے پیمانے پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔
رائل کالج آف آرٹ کی گریجویشن تقریب میں محمودالحسن نے اسٹیج پر ڈگری وصول کرتے وقت فلسطینی پرچم اوڑھا ہوا تھا۔ اس موقع پر شرکاء نے پرجوش تالیاں بجا کر ان کے اس اقدام کو سراہا۔ یہ منظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا اور کئی صارفین نے اسے ’’امید اور یکجہتی کا طاقتور پیغام‘‘ قرار دیا۔






















