ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی۔ بھارت نے 172 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں پورا کیا۔
ابھیشیک شرما نے 39 گیندوں پر 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، شبمن گِل نے 28 گیندوں پر 47 رنز اسکور کیے۔ سوریا کمار یادیو صفر، سنجو سیمسن 13 رنز بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے پہلے کھیل کر5 وکٹوں پر171 رنز بنائے تھے، پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 58 رنز بنائے، صائم ایوب21، فخرزمان 15رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ حسین طلعت نے11 گیندوں پر 10 رنز بنائے۔ محمد نواز19 گیندوں پر 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سلمان علی آغا 13 گیندوں پر 17رنز بناسکے، فہیم اشرف نے8گیندوں پر20رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ میچ میں بھارتی فیلڈرز نے 4 کیچز ڈراپ کیے۔
دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی فیلڈرز نے 4 کیچز ڈراپ کیے، شیوم ڈوبے 2، کلدیپ یادیو، پانڈیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم سلمان آغا کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ابھی تک پرفیکٹ میچ نہیں کھیلا، بھارتی بلے بازوں نے پاور پلے میں ہی میچ کو یکطرفہ بنادیا ، 171 رنز اچھا اسکور تھا، لیکن 15 رنز کم بنائے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔ بھارتی کپتان نے ایک بار پھر پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا۔
یاد رہے کہ یہی صورتحال گزشتہ ہفتے ہونے والے پاک بھارت مقابلے میں بھی دیکھنے کو ملی تھی، جب بھارتی کپتان نے ٹاس کے بعد ہاتھ نہیں ملایا تھا اور میچ کے اختتام پر بھی بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ سے گریز کیا تھا۔






















