لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع کر دی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل اور ارشد جاوید نے الگ الگ سماعت کی۔ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست ان کے وکیل نے دائر کی، مؤقف اختیار کیا گیا کہ دونوں اسلام آباد میں عدالتی پیشی پر ہیں۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے حاضری معافی دے دی جبکہ دیگر ملزمان اسد عمر، مسرت چیمہ، جمشید چیمہ اور کرامت کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے پراسیکیوشن سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے ضمانتوں میں 6 اکتوبر اور اکتیس اکتوبر تک توسیع کر دی۔ مقدمات میں جلاؤ گھیراؤ، جناح ہاؤس اور ن لیگ آفس پر حملے کے الزامات شامل ہیں۔






















