پاکستان کے 3 علاقوں خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سیلاب سے63 ارب 79 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ تعمیر نو کی سرگرمیوں کیلئے 44 ارب 47 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
صوبائی رپورٹ کے مطابق یہ نقصانات 22 کروڑ 70 لاکھ امریکی ڈالر کے مساوی ہیں، فصلوں، مویشیوں اور مکانات کی تباہی سے 17 ارب 89 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ سیلاب سے دیگر نقصانات کا اندازہ 45 ارب 90 کروڑ روپے لگایا گیا۔
پنجاب اور سندھ میں سیلابی پانی اترنے کے بعد نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا، سیلاب سے نقصانات کا حتمی تخمینہ عالمی اداروں کی مدد سے لگایا جائے گا۔






















