وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے۔ رائل ٹرمینل پر ڈپٹی گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے استقبال کیا۔
پاکستانی سفیر احمد فاروق اور دیگر سفارتی افسران نے بھی وزیراعظم کا خیر مقدم کیا، استقبال کرنے والوں میں دیگر سعودی اعلی شخصیات بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم کو دورے کی دعوت ولی عہد محمد بن سلمان نے دی تھی ۔ وفاقی کابینہ کےاہم ارکان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
ایئرپورٹ لاونج میں وزیراعظم شہبازشریف اور ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز سے ملاقات کیں، دونوں کے درمیان پاک سعودی تعلقات اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سےون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے ۔ جن میں پاکستان سعودی عرب تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوگا ، ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب دونوں ملکوں کے منفرد شراکت داری کو مزید مستحکم اور عوام کے مفاد میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔
ذرائع کےمطابق وزیراعظم کل سعودی عرب سے ہی برطانیہ روانہ ہو جائیں گے۔ برطانیہ میں دو روز قیام کرنے کے بعد شہبازشریف امریکا جائیں گے۔






















