قومی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان شان مسعود نے ریڈ بال کرکٹ میں پاکستان کی الگ اور خصوصی شناخت بنانے کے عزم کا اظہار کر دیا۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے بدھ کے روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کے بعد ٹیسٹ فارمیٹ کی قیادت شان مسعود کے سپرد کی گئی ہے۔
ریڈ بال کرکٹ ٹیم کی قیادت ملنے کے بعد شان مسعود نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف سے ملاقات کی اور ٹیم کی قیادت دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ہینڈل کے ذریعے شان مسعود کا ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے صرف کھیلنا ہی بہت بڑا اعزاز ہے اور جہاں تک پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری ملی ہے اس پر میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور سٹیک ہولڈرز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ میں ایسی بات دیکھی کہ میں یہ ذمہ داری لے سکتا ہوں۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ چیلنجز ہیں ، ریڈ بال کرکٹ مشکل ترین فارمیٹ ہے اور میرے خیال میں صرف کپتان پر نہیں بلکہ سب کھلاڑیوں پر ایک ذمہ داری ہے کہ ہم ریڈ بال کرکٹ میں پاکستان کو آگے لے کر جائیں اور اپنی ایک شناخت بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم ایک ایسی کرکٹ کھیلیں جسے ہمارے شائقین بھی پسند کریں اور جب ہم باقی ٹیموں کے خلاف بھی کھیلیں تو پاکستانی ٹیم اپنی اس شناخت کی وجہ سے پہچانی جائے۔
🗣️ Newly appointed Test captain @shani_official shares his views on the road ahead. pic.twitter.com/z2Bl81g4Ez
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 15, 2023
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک بار پھر سے سب کا شکر گزار ہوں اور میں منتظر ہوں کہ ہمارے ساری کھلاڑی اور مینجمنٹ کے ساتھ مل کر ہم پاکستان کو ریڈ بال کرکٹ میں آگے لے کر جائیں۔