محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ مون سون کے گیارھویں اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
محکہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے درمیانی شدت کی مرطوب ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں، آئندہ ہفتے ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں 16سے19 ستمبر کے درمیان مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ 15 سے 19 ستمبر کے دوران کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہے۔
محکہ موسمیات کے مطابق 16 سے 19 ستمبر تک گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے جبکہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 16 سے 19 ستمبر تک بارشوں کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر مقامات پر موسم گرم اور خشک جبکہ ساحلی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہےگا، بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔





















