سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئےفتنہ الخوارج کے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیاہے ، فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے مزید 7 بہادر سپوت وطن پر قربان ہو گئے ۔
اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے 10 سے 13 ستمبر تک 2 مختلف آپریشنز میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 35 دہشت گرد وں کو ہلاک کیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 12 جوانوں نے وطن پر جان قربان کی۔ جس کے بعد تین روز میں کارروائیوں کے دوران مارے جانے والے دہشتگردوں کی تعداد 45 ہو گئی جبکہ 19 جوان شہید ہو گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر لال قلعہ میدان میں کارروائی کی گئی، شہید ہونے والوں میں 2 نائیک، ایک لانس نائیک اور 4 سپاہی شامل ہیں ۔
شمالی وزیرستان کا 39 سال کا نائیک عبدالجلیل وطن پر قربان ہو گیا، شہید نائیک گل جان کی عمر 38 سال تھی اور ضلع لکی مروت سے تعلق تھا، 28 سال کے شہید لانس نائیک عظمت اللہ بھی لکی مروت کے رہائشی تھے، ضلع خیبر کا 28 سال کا سپاہی عبدالمالک اور مالاکنڈ کا 27سال کا محمد امجد بھی شہید ہو گیا ۔ 23 سال کے شہید سپاہی محمد داؤد ضلع سوات کا رہائشی تھا، سپاہی فضل قیوم کی عمر 21 سال اور تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔
بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج نے معصوم شہریوں کو یرغمال بنارکھا تھا، تمام جوان شہریوں کی جانیں بچانے کیلئے بہاردی سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق دہشت گردی میں افغانی شہری براہ راست ملوث ہیں، پاکستان کو امید ہے افغانستان کی عبوری حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی، امید ہے پاکستان میں دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین استعمال ہونے سے روکی جائے گی، مزید بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کی تلاش کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز بھارت کی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں سیکیورٹی فورسز کے عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں۔
اس سے قبل
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 10 سے 13 ستمبر تک 2 مختلف آپریشنز میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 35 دہشت گرد ہلاک کیئے جبکہ پاک فوج کے 12 جوانوں نے وطن پر جان قربان کی ۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق سیکیورٹی فورسز نےباجوڑمیں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پرانٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ان کے ٹھکانےکو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 22 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق سیکیورٹی فورسز نےخوارج کےخلاف وزیرستان میں بھی کارروائی کی جہاں 13 مزید خوارج کو ہلاک کردیا گیا جن کے قبضے سےاسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے،شدید فائرنگ کے تبادلےمیں پاک فوج کے 12 جوان مادر وطن پر قربان ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز نے 10سے 13ستمبر کےدوران کارروائیاں کیں،خوارجی ان علاقوں میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے،انٹیلی جنس رپورٹس تصدیق کرچکیں کہ دہشت گردی میں افغان شہری ملوث ہیں۔
شہداء کو خراج تحسین
وزیراعظم شہبازشریف،قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی اوروفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔ پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور متاثرہ اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
قائم مقام صدر اورچئیرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کاکہنا تھا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دہشت گرد نہ مذہب سے تعلق رکھتے ہیں نہ انسانیت سے، معصوم جانوں کے قاتل ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےکہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرکے خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ وطن پر جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں۔ قوم شہداء کے خاندانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔



















