پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم مینجمنٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کردی گئیں، محمد حفیظ کو ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کردیا گیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان محمد حفیظ کو پاکستان کی مینز کرکٹ ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کردیا ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے تینوں طرز کی کرکٹ ٹیموں کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد پی سی بی نے شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹی 20 انٹرنیشنل میں قومی ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے جبکہ ون ڈے کیلئے کپتان کے نام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
سابق قومی کپتان محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 12 ہزار 780 رنز بنائے اور 253 وکٹیں حاصل کیں۔
محمد حفیظ حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیکینکل کمیٹی کے رکن بھی رہے ہیں، وہ 2017ء میں انگلینڈ میں منعقدہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔