نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون براموف سے رابطہ کرکے کثیرجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنےکاعزم دہرایا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ کو ٹیلی فون کرکے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا ، دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا ، شنگھائی تعاون تنظیم کے حالیہ سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کی صدر الہام علیوف کے ساتھ ملاقات کے فالو اپ کے تناظر میں دوطرفہ تعلقات پر بھی بات کی گئی ۔
اسحاق ڈار کا بیان
دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی اقدام اور قطر کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے، یہ اشتعال انگیزی خطے میں خطرناک کشیدگی کا باعث بن رہی ہے، اسرائیل کے فلسطین پر مظالم کے باعث خطہ پہلے ہی عدم استحکام کا شکار ہے، اسرائیلی حملے سے خطے میں امن و سلامتی کو سنگین خطرے سے دوچار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملے بین الاقوامی قوانین اور تسلیم شدہ عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے، الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ ملکر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانےکی درخواست کی ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ہنگامی بحث کے انعقاد کا مطالبہ کیاہے، پاکستان نے غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے انعقاد کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، پاکستان، قطر کی قیادت،حکومت اور برادر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کااعادہ کرتا ہے، عالمی برادری اسرائیل کی شدید مذمت کرے اور اس کیخلاف مؤثر اقدامات کرے۔






















