دریائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ کم ہونے لگا ہے جبکہ ملاکا تیار بند پر پانی کی سطح اور دباؤ میں اضافہ ریکارڈ کی گیا ہے جس پر آبپاشی عملے کو الرٹ کر دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق دریائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ کم ہونے لگا ہے ، پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ، 5 سے 7 گھنٹوں میں پانی کا بہاؤ 70 ہزار کیوسک تک کم ہو گیا ہے ۔
پی ڈی ایم اے نے آئندہ دنوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا بھی الرٹ جاری کر دیا ہے ، فی الحال پانی کم ہونے سے مکانات زمین بوس ہونے لگے ، پانی واپس جب جاتا ہے تو مزید نقصان کرتا ہے۔
ملاکا تیار بند
ٹنڈو محمد خان میں ملاکاتیار بند پر پانی کی سطح اور دباؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے ، جس پر آبپاشی عملے کو الرٹ جاری کر دیا گیاہے ، دریائے سندھ کے کچے کے علاقوں میں پانی کی آمد بڑھنے سے مکین نقل مکانی پر مجبور ہیں ۔ حاجی پور بند پر پانی کی سطح اور دباؤ میں اضافے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم انتظامیہ نے نگرانی کا عمل تیز کر دیاہے ، پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے ، ضلعی انتظامیہ نے ایمرجنسی اقدامات شروع کر دیئے ہیں، مقامی انتظامیہ نے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی۔ کسانوں اور مقامی آبادی میں شدید تشویش پائی جارہی ہے ، انتظامیہ اور آبپاشی محکمے سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیاہے ۔ پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق 872 گھرانے ممکنہ سیلاب سے متاثر ہونے کے خدشے میں ہیں۔
علی پور
علی پورمیں بڑے سیلابی ریلے کی تباہ کاریاں جاری ہیں، پانی 27 مواضعات کی 50 کے قریب بستیوں کو اپنی لیپٹ میں لے چکا ہے جہاں سینکڑوں گھر اور ہزارو ایکڑ پر کھڑی فصل سیلاب کی نظر ہو گئی ہے ۔ ہیڈ پنجند پر پانی کے بہاؤ میں کمی تو آئی لیکن متاثرین کی مشکلات کم نا ہو سکی ۔






















