پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ ایشیا کپ سے باہر ہوگئے، ان کی جگہ ٹیم میں زمان خان کو شامل کرلیا گیا۔
نسیم شاہ بھارت کیخلاف ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے باعث وہ بیٹنگ کیلئے بھی نہیں آئے، پاکستان کو میچ میں 228 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نسیم شاہ انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہوگئے ہیں، ان کی جگہ اسکواڈ میں زمان خان کو شامل کرلیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ کو میڈیکل پینل نے ورلڈ کپ سے قبل آرام کا مشورہ دیا ہے، میڈیکل پینل نسیم شاہ کا معائنہ کرتا رہے گا۔
دوسری جانب حارث رؤف کو بھارت کیخلاف ریزرو ڈے میں احتیاطی طور پر بولنگ نہیں کرائی گئی تھی، وہ تیزی سے بہتری کی طرف جارہے ہیں، حارث رؤف کا سائیڈ اسٹرین پہلے سے بہتر ہے۔
ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ دونوں فاسٹ بولرز ٹیم کا اثاثہ ہیں اور میڈیکل پینل ان کو ریکور کرانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق سلمان علی آغا کی آنکھ اور منہ کی سوجن ابھی تک دور نہ ہوسکی، ان کی سری لنکا کیخلاف میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان علی آغا کی جگہ سعود شکیل کو سری لنکا کیخلاف ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
سلمان علی آغا کو بھارت کیخلاف میچ میں بیٹنگ کے دوران گیند ناک اور منہ پر لگی تھی۔