ویسٹ انڈیز کے سابق جارح مزاج بلے باز کرس گیل نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے جلد ریٹائرمنٹ کی اصل وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فرنچائز کنگز الیون پنجاب میں "عزت نہیں دی گئی"۔
کرس گیل نے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ پنجاب کی جانب سے چار سیزن کھیلنے کے باوجود، انہیں سینئر کھلاڑی کے طور پر وہ احترام نہیں دیا گیا جس کے وہ حقدار تھے۔گیل کے مطابق فرنچائز کی جانب سے برتاؤ ایسا تھا جیسے بچوں کے ساتھ کیا جاتا ہے اور میں نے خود کو ایک دباؤ میں محسوس کیا جیسے کندھوں پر پوری عمارت کا بوجھ ہو۔
انہوں نے کہا یہ زندگی میں پہلا موقع تھا جب میں ڈپریشن کی کیفیت میں چلا گیا، پیسہ سب کچھ نہیں ہوتا، انسان کی ذہنی صحت سب سے اہم ہے۔کرس گیل نے بتایا کہ انہوں نے اس وقت ٹیم کے ہیڈ کوچ انیل کمبلے سے فون پر رابطہ کیا اور ذاتی بات چیت کے دوران وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو پڑے۔
ان کا کہنا تھا انیل کمبلے سے مجھے بہت دکھ تھا لیکن میں نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔سابق اوپنر نے مزید بتایا کہ ٹیم کے کپتان کے ایل راہول نے انہیں میچ کھیلنے کی پیشکش کی لیکن وہ اس وقت تک فیصلہ کر چکے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے راہول سے کہا سب کھلاڑیوں کو میری طرف سے نیک خواہشات دیں اور پھر میں اپنا سامان پیک کر کے چلا گیا۔





















