پاکستان میں 2022 کے سیلاب کے بعد عالمی بینک کے اعلان کردہ 2 ارب ڈالر میں سے فلڈ رسپانس آپریشنز کیلئے ایک ارب 2 کروڑ 68 لاکھ جاری ہوئے ، سب سے زیادہ ایک ارب ڈالرصوبہ سندھ میں تعمیر نو کے دو منصوبوں کیلئے دیئے گئے ، ورلڈ بینک کیجانب سے فراہم فنڈز کی تفصیلات سامنے آ گئیں ۔
دستاویز کے مطابق عالمی بینک کے اعلان کردہ فنڈز ایمرجنسی رسپانس، تعمیر نو اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مختص تھے ، پاکستان کو 27 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ایمرجنسی کیش ٹرانسفر کی مد میں دیئے گئے ۔ عالمی بینک نے سندھ فلڈ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پراجیکٹ کیلئے 45 کروڑ10 لاکھ ڈالر اور سندھ فلڈ ایمرجنسی بحالی منصوبے کیلئے 51 کروڑ 50 لاکھ ڈالر دیئے، ان دو منصوبوں کیلئے 2024-25میں مزید 60 کروڑ ڈالر دینے کی منظوری دی گئی، جن میں 13 کروڑ ڈالر فراہم کئے بھی جا چکے ہیں ۔ عالمی بینک کیجانب سے پاکستان کو انٹیگریٹڈ فلڈ رزیلیئنس اینڈ اڈاپشن پراجیکٹ کیلئے 6 کروڑ ڈالر سے زیادہ فراہم کیےگئے جبکہ 17 کروڑ ستر لاکھ ڈالر نئے پروگرامز کیلئے دینے کا اعلان کیا گیا ۔






















