بیجنگ میں پاک چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس پاکستان کے لیے ایک سنگ میل قرار دیدی گئی ، وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کا کہنا ہے پاکستان اور چین کے درمیان چار ارب ڈالر سے زائد کے تاریخی معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
رانا تنویر نے کہا کہ یہ معاہدے زرعی مشینری، بیج سازی اور جدید اسمارٹ ایگریکلچر کے فروغ کی نئی راہیں کھولیں گے۔ پاکستان کے غذائی تحفظ اور برآمدی صلاحیت کو دوگنا کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی دو سو پندرہ ارب ڈالر کی زرعی درآمدات میں پاکستان کے لیے بڑے مواقع موجود ہیں ۔ پاکستان عالمی منڈی کے مقابلے میں کم قیمت پر زرعی اجناس فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کانفرنس کے دوران پاکستان اور چین کی بڑی زرعی کمپنیوں سے بامقصد ملاقاتیں بھی کیں۔ وزارت غذائی تحفظ کے مطابق جی ڈی ایس پی، سانگیانگ اور جِنگ ہوا سیڈ جیسی نمایاں کمپنیوں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ رانا تنویر نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں زرعی صنعتوں کے لیے بنائی جانے والی پالیسیوں نے پاک چین تعاون کو نئی سمت دی ۔ دونوں ممالک کا زرعی تعاون طویل مدتی اسٹریٹجک شراکت داری کی بنیاد ہے۔






















