پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چودھواں دور اسلام آباد میں ہوا، دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، ترقی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس کی صدارت اسپیشل سیکرٹری نبیل منیر اور جاپانی نائب وزیر خارجہ اکاہوری تاکیشی نے کی، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان اور جاپان کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور ایشیا پیسفک کی علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی غور ہوا۔
فریقین نے کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پائیدار شراکت داری کو تقویت دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی رفتار برقرار رکھنے اور اگلے دور کے اجلاس کے ٹوکیو میں انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔





















