وزیراعظم شہبازشریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی،ملاقات میں پاک ایران تعاون کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سےملاقات ہوئی،دونوں رہنماؤں نےمختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی مثبت رفتارپر اطمینان کا اظہارکیا،وزیراعظم نے ایران کےساتھ تاریخی اوربرادرانہ تعلقات کیلئے گہرے عزم کا اعادہ کیا، مشترکہ تاریخ،ثقافتی ورثے اورعقیدے پر مبنی تعلقات کی مضبوط بنیادوں کو اجاگر کیا،ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اورفیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نےایرانی صدرسےکہا آپ کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ملکوں کےتعلقات کومزید بہتر بنانے میں مددگارثابت ہوا،ایرانی عوام اورحکومت سے پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا بھی اعادہ کیا،وزیراعظم نےعلاقائی امن کیلئے پاکستان کا عزم دہراتے ہوئےکہا مذاکرات اور سفارتکاری تناؤ میں کمی اور استحکام کا واحد قابل عمل راستہ ہے ۔
صدرمسعود پزشکیان نےایران کیلئےپاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا،باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانےکےعزم کا اعادہ کیا انہوں نےپاکستان میں سیلاب سےجانی و مالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا مشکل کی اس گھڑی میں ایرانی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ ہیں






















