انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینیئن ریسرچ کی نئی سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں واٹس ایپ سب سے زیادہ استعمال ہونیوالا سوشل میڈیا پلیٹ فارم قرار پایا ہے، سوشل میڈیا پر بیانیہ سازی میں واٹس ایپ سب سے آگے ہے، 65 فیصد پاکستانی آن لائن خبریں تصدیق کیے بغیر مان لیتے ہیں۔
انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینئن ریسرچ (آئی پی او آر) کی تازہ سروے رپورٹ جاری کردی گئی، جس میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر بیانیہ سازی میں واٹس ایپ سب سے آگے، جس کا استعمال 27 فیصد ہے، فیس بک 19 فیصد، یوٹیوب 18، ٹک ٹاک17 اور انسٹاگرام کا استعمال 10 فیصد ہے جبکہ ایکس کا استعمال سب سے کم، صرف2 فیصد ہے۔
آئی پی او آر کے مطابق 65 فیصد پاکستانی آن لائن خبریں تصدیق کیے بغیر مان لیتے ہیں، صرف 22 فیصد صارفین خبروں کی تصدیق کرتے ہیں، 43 فیصد صارفین کے مطابق فیس بک جھوٹی خبروں کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 68 فیصد افراد کے مطابق سوشل میڈیا سے ان کے نظریات پر فرق نہیں پڑا، پاکستان میں ہر 5 میں سے ایک شخص نے سوشل میڈیا خبروں سے نظریہ بدلا۔






















