گلگت میں چلاس تھور کےمقام پر ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کریش کرگیا،حادثے میں 2 میجر سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھاکہ فنی خرابی پیدا ہوگئی،اس پر ہیلی کاپٹر نے ٹھکداس چھاؤنی سےبارہ کلومیٹر دور ہڈور گاؤں میں کریش لینڈنگ کی۔
شہدا میں ہیلی کاپٹر کےپائلٹ میجرعاطف، شریک پائلٹ میجر فیصل شامل ہیں، فلائٹ انجینئر نائب صوبیدار مقبول،کریو چیف حوالدارجہانگیر اورکریو نائب چیف امیر نے بھی جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہےکہ تربیتی مشن آرمی ایوی ایشن کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہیں، جس کا مقصد قدرتی آفات اور دیگر ریلیف کاموں کیلئے تیار رہنا ہے، پاک فوج ہر پہلو سے آپریشنل تیاریاں یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے فوجی ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا گیا ہے،وزیراعظم نے حادثے میں شہید ہونے والوں کی بلندی درجات کی دعا کی۔
واضح رہےکہ 15 اگست کو خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر امدادی کارروائیوں سے واپسی پر ضلع مہمند میں گر کر تباہ ہو گیا تھا،حادثے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے تھے۔






















