چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ تین سے چار دن بعد مزید بارشیں بھی متوقع ہیں ، البتہ ان کی شدت پہلے سے کم ہوگی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے مشترکہ پریس بریفنگ دیتے ہوئے ملک میں جاری سیلابی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے متعلق آگاہ کیا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ 4 سے 5 ستمبر کے دوران تریموں ہیڈ ورکس سے 7 سے 8 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرے گا جبکہ گدو بیراج پر 8 سے 13 لاکھ کیوسک کے ریلا کی پیش گوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 3 سے 4 دن بعد دوبارہ بارشیں متوقع ہیں تاہم ان کی شدت پہلے سے کم ہوگی۔
وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ بارڈر سے ملحقہ اضلاع نارووال اور سیالکوٹ میں بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے لیکن بروقت اقدامات کے ذریعے نقصانات کو کم کرنے کی کوشش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے تریموں ہیڈ ورکس پر پانی کا ریلا ایک ملین کیوسک سے کم رہے۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ ہم صوبوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، بڑی تباہی سے بچنے کے لیے اس وقت پورا ملک اکٹھا ہے۔
انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ کلائمیٹ چینج کو معمولی نہ سمجھا جائے کیونکہ یہ حقیقی موسمی تبدیلی ہے جو خطرناک اثرات مرتب کر رہی ہے۔






















