لاہور میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے، جبکہ گھروں کی چھتیں گرنے سے بھی 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
لاہور میں آسمانی بجلی اور گھروں کی چھتیں گرنے سے 6 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ کاہنہ میں جبکہ چھت گرنے کے واقعات انار کلی اور بیدیاں روڈ پر پیش آئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کاہنہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، زخمیوں کو اسپتال میں منتقل کردیا گیا، جن کا علاج جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق پرانی انار کلی میں مکان کی خستہ حال چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مکان کی چھت کچی مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی۔
ریسکیو حکام کے مطابق چھت گرنے کا دوسرا واقعہ بیدیاں روڈ پر پیش آیا، واقعے میں 3 افراد جاں بحق اور ملبے تلے دبنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیوکے مطابق واقعے میں زخمی ہونیوالوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ لاہور میں 2 گھنٹے سے زائد بارش جاری رہی۔ رپورٹ کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 145 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، چوک ناخدا میں 117، تاج پورہ میں 116، اپر مال 107، اقبال ٹاؤن 106 اور لکشمی چوک میں 102 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔






















