ننکانہ صاحب میں دریائے راوی میں اونچے درجے کا سیلاب ، ہیڈ بلوکی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔
نکانہ صاحب میں سیلابی صورتحال بگڑ رہی ہے ہیڈ بلوکی کے مقام پر پانی کی آمد میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ہیڈ بلوکی میں پانی کی آمد 1 لاکھ 24 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گئی ہے۔جبکہ اخراج 112955 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کا کہنا ہے کہ شاہدرہ سے بڑا ریلا ہیڈ بلوکی کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ آج رات ہیڈ بلوکی میں دو لاکھ کیوسک پانی متوقع ہے۔ دو لاکھ کیوسک پانی کی آمد سے ہیڈ بلوکی میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہو گا۔
سیلابی پانی سے دریائی بیلٹ کے 139 دیہات متاثر ہو سکتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نےان دیہاتوں میں آباد رہائش پذیر افراد سے فوری نقل مکانی کی اپیل کر دی ہے
ڈپٹی کمشنر ننکانہ کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلاب سے متاثر ہونے والے دیہاتوں کو فی الفور خالی کروایا جائے۔ رہائش گاہیں نہ چھوڑنے والے افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور مال مویشیوں کو ضبط کر لیا جائے، ضلعی اداروں کے سربراہان کو سخت ہدایت جاری کر دی گئی۔
ڈی سی محمد تسلیم اختر راو نے کہا ہے کہ تمام ضلعی اداروں کے سربراہان و اہلکاران مکمل طور پر الرٹ رہیں اور ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔تمام تر عملے اور ہیوی مشینری کو دریائی بیلٹ کے قریب رکھا جائے۔انسانی جانوں کی حفاظت ترجیح ہونی چاہیے ، تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔






















