پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں امن واپس لوٹے گا اور ہم ملکی ترقی کا سلسلہ پھرسے شروع کریں گے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف بلوچستان کے دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جہاں بلوچستان عوامی پارٹی کا وفد آج ان سے ملاقات کرےگا جبکہ بی اے پی وفد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اوردیگر رہنما شامل ہونگے اور ملاقات کے دوران آئندہ عام انتخابات سےمتعلق بات چیت کی جائے گی۔
قائد( ن ) لیگ پارٹی کے دیگر قائدین کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے جہاں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سی پیک ، ہیلتھ کارڈ ، تعلیم ، ترقی ، امن ، روزگار اور کاروبار کے حقوق دیئے ، ہم ملکی ترقی کا سلسلہ پھر سے شروع کریں گے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی تھی ، ملک میں امن واپس لوٹے گا۔
خیال رہے کہ نوازشریف کے دورہ بلوچستان کے دوران 20 سے زائد اہم سیاسی شخصیات ( ن ) لیگ میں شمولیت کا اعلان کریں گی جن میں عبدالرحمان کھیتران ، عاصم کردگیلو ، نور محمد دمڑ ، کریم نوشیرانی ، شعیب نوشیروانی ، تور عتما نخیل ، دوستین ڈومکی بھی شامل ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے بھی پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے بات جاری ہے۔
پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق نواز شریف کوئٹہ میں سیاسی قائدین سے اہم ملاقاتیں اور پارٹی کے اہم تنظیمی اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ 15نومبر کو کوئٹہ کا دورہ مکمل کرکے لاہور جائیں گے۔