وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے پنجاب میں صورتحال تشویشناک ہے۔ دریائے راوی سمیت 2 سے 3 دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے دریائے راوی شاہدرہ کے مقام پر سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا اور صورتحال پر انتظامیہ سے بریفنگ لی۔ عبدالعلیم خان نے پانی کے بہاؤ اور حفاظتی انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ انتظامیہ کو ہدایت کی عوام کو ہر ممکن سہولت دی جائے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال خطرے والی ہے اور احتیاط کی ضرورت ہے، سیلابی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کام کررہی ہے، سیلابی صورتحال کے باعث آبادیوں کو الرٹ ہونا پڑے گا، دریا کے اندر قائم کچی آبادیوں کوخالی کرالیا گیا ہے۔
قبل ازیں ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان کاٹھیا نے آئندہ 48 گھنٹوں کو مشکل قرار دے دیا۔ دریائے راوی اور چناب کے قریبی علاقوں کو فوری خالی کرنے کی اپیل کی۔ کہا آج رات شاہدرہ سے اونچے درجے کا سیلاب گزرے گا جو بڑا چیلنج ہے۔ امید ہے پانی بند کو متاثر نہیں کرے گا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے کہا کہ آج رات شاہدرہ سے اونچے درجے کا سیلاب گزرے گا، دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ آج رات ہمارے لئے چیلنج ہوگا، امید ہے پانی دریا کے بند کو متاثر نہ کرتے ہوئے گزر جائے گا، دریائے چناب میں ایک دہائی کے بعد اتنا پانی دیکھا گیا، جب تک پانی رحیم یار خان سے نہیں گزر جاتا ،ہمارے لئے چیلنج ہے۔






















