این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 30 اگست تک ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور طوفانی صورتحال کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان میں بارشیں برسانے والے تین سلسلے اکٹھے داخل ہو رہے ہیں۔ اسلام آباد، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خطرات کی بھی نشاندہی کر دی گئی۔
سندھ کے ساحلی اضلاع کراچی، ٹھٹہ، بدین اور تھرپارکر سمیت دیگر شہروں میں 27 سے 30 اگست تک بارشیں متوقع ہیں۔ بلوچستان کے لسبیلہ، خضدار، قلات اور گوادر میں بھی طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث قریبی آبادیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ دریائے سندھ میں تونسہ، گڈو اور کالاباغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ پانچ لاکھ کیوسک تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔



















