پاک چین تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے، اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے درمیان اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کا چھٹا دور جاری ہے، اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ، علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے عزم کا اعادہ کیا، پاک چین اقتصادی راہداری کا بھی جائزہ لیا گیا، دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی ہم آہنگی اور رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو، تجارتی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا علاقائی امن و استحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے، وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ چین کے منتظر ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے اسلام آباد میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی، اسحق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مفید بات چیت ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ہوا، سی پیک سمیت پاک چین تعلقات کی تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، تمام اہم معاملات پر اتفاق رائے موجود ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے ملکر کام کرنے کیلئے پُرعزم ہیں، پاکستان کی سالمیت اور علاقائی خودمختاری کے تحفظ کیلئے چین کے عزم کو سراہتے ہیں، سی پیک فیز2، عوامی سطح پر روابط سمیت دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے پُرعزم ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل سمیت مختلف عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کیلئے پُرعزم ہیں، ہم نے وزیراعظم کے دورۂ چین کے حوالے سے بھی گفتگو کی، پاکستان اور چین کی دوستی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے، چین اور پاکستان اگلے سال اس دوستی کے تعلق کی 75ویں سالگرہ منائیں گے، پاک چین تعلقات کے فروغ کیلئے وزیر خارجہ وانگ ژی کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ چین کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کلیدی حیثیت حاصل ہے، چین کے ساتھ تجارت کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں، چین اور پاکستان آہنی برادر ملک ہیں۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی، پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی شراکت داری مضبوط ہورہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد اور محبت کا رشتہ مزید مضبوط ہورہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ چین کے منتظر ہیں، سی پیک فیز ٹو پر بھی ملاقات میں تفصیلی گفتگو ہوئی، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جارہے ہیں۔
وانگ ژی نے کہا کہ چین پاکستان کو اپنا قابل اعتماد اتحادی تصور کرتا ہے، انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون مزید بڑھائیں گے، علاقائی امن و استحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے، نائب وزیراعظم کے ساتھ چھٹی وزرائے خارجہ ڈائیلاگ کے دوران بات چیت ہوئی، تمام پہلوؤں پر ہمارا مؤقف یکساں تھا۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ سی پیک کو ہائی کوالٹی تعاون میں لے کر جا رہے ہیں، پاکستان کے سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کر تے ہیں، پاکستان اور چین کے باہمی اعتماد کو ہمیشہ قائم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، صنعت، زراعت اور مائننگ کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔






















