نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ میں مثبت بات چیت ہوئی،برطانوی وزیرمملکت سے علاقائی اورعالمی امورپر تبادلہ خیال ہوا، کل صبح کامن ویلتھ کی سیکرٹری جنرل سے ملاقات ہو گی، پاکستان کامن ویلتھ کا اہم رکن ہے۔
اسحاق ڈار کا کہناتھا کہ مارکو روبیو سے اچھی ملاقات ہوئی، ٹیرف سمیت دیگرمعاملات پر بات چیت ہوئی، چین کےساتھ ہمارے مضبوط تعلقات ہیں، امریکا کےساتھ ہمارے تعلقات میں اُتار چڑھاؤ آتا رہا ہے، امریکا کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانا چاہتےہیں، پاک،بھارت کشیدگی میں امریکا کا اہم کردار رہا۔
انہوں نے کہا کہ مارکو روبیو نے وزیراعظم،مجھ سے اور فیلڈ مارشل سے رابطہ رکھا، حکومت نے 11 جون کو صدرٹرمپ کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات بہتر ہو رہےہیں،تجارتی معاہدہ بھی ہو گیا ہے، برطانیہ کے ساتھ 4 ارب ڈالر کی تجارت کافی نہیں اسے بڑھا رہے ہیں، اگلے مہینے کے شروع میں پی آئی اے کی مانچسٹر کیلئے پروازیں شروع ہوجائیں گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مودی کو شکست ہوئی ہے اسے کھلے دل سےتسلیم کرنا چاہیے، جنگ بندی ٹھیک چل رہی ہے، مودی اس طرح کےبیانات عوام کی توجہ کیلئے دیتے رہتے ہیں، ہم نے کسی سے جنگ بندی کرانے کی بھیک نہیں مانگی تھی، جنگ بندی کرانے پر عالمی برادری کو داد دیتاہوں، جنگ بندی کیلئے امریکا،یواےای،سعودی عرب،آذربائیجان،ترکی اور برطانیہ نے اہم کردار ادا کیا، جنگ بندی کے باوجود مودی کے ایسے بیانات درست نہیں، ہوسکتاہے وزیراعظم شہبازشریف بھی برطانیہ کا دورہ کریں۔






















