چیئرمین این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلیشئیرز پگھلنے سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو خطرہ ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی کے بھی متاثر ہونے کا امکان ہے، مون سون کے ابھی مزید 2 سے 3 اسپیل متوقع ہیں، کلاؤڈ برسٹ بھی ہوسکتے ہیں۔ مصدق ملک بولے وفاق خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی میں مکمل مدد کررہا ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت سیلاب کی صورتحال پر اجلاس کے بعد چیئرمین این ڈی ایم اے اور وفاقی وزراء نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ انعام حیدر ملک نے بتایا کہ بارشوں کے حالیہ اسپیل کے دوران 670 افراد جاں بحق جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، مون سون کے 2 سے 3 نئے اسپیلز اور مزید کلاؤڈ برسٹ بھی متوقع ہیں۔
انہوں نے گلیشئیرز پگھلنے کے باعث ممکنہ خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہمارے گلیشئیرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، اس کے نتیجے میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اسلام آباد اور راولپنڈی بھی خطرات کی زد میں ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کہتے ہیں وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں سے رابطے میں ہے۔
وفاقی وزیر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر بغیر کسی تفریق کے خیبرپختونخوا سمیت سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں بحالی اور امدادی کاموں میں مصروف ہے، عوام کا جو نقصان ہوا ہے اسے پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
وفاقی وزیر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے کلاؤڈ برسٹ کی صورتحال پیدا ہورہی ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کو کلائمیٹ فنانس کی مد میں رقم نہیں دی جارہی۔






















