پاکستان سمیت دنیا بھر میں 7 ستمبر کو بلڈ مون (سرخ چاند گرہن) کا نظارہ دیکھنے کو ملے گا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں سال 2025ء کا دوسرا چاند گرہن 7 ستمبر کو ہوگا، اس موقع پر آسمان سرخ رنگ کی روشنی سے منور ہوجائے گا، جسے بلڈ مون کہا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ چاند گرہن اس لیے خاص ہوگا کیونکہ اسے لگ بھگ دنیا کا ہر فرد دیکھ سکے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ چاند گرہن دنیا بھر کے اربوں انسان دیکھ سکیں گے تاہم امریکا کے کئی علاقوں میں یہ نظارہ نہیں دیکھا جاسکے گا۔
رپورٹ کے مطابق چاند گرہن دنیا کی 77 فیصد آبادی کیلئے دیکھنا ممکن ہوگا جو کہ حالیہ تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھے جانیوالے گرہن میں سے ایک ہوگا۔
اس کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ یہ مکمل چاند گرہن ہوگا جو کہ عموماً 18 ماہ میں ایک بار دیکھنے میں آتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ یہ چاند گرہن سرخ رنگ کا ہونے کی بناء پر منفرد ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق چاند گرہن 7 ستمبر کی شب 8 بج کر 28 منٹ پر شروع ہوگا اور رات ایک بج کر 55 منٹ تک تقریباً 5 گھنٹے برقرار رہے گا، اس دوران 82 منٹ تک مکمل گرہن ہوگا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایشیا میں پاکستان، چین، جاپان اور بھارت اس گرہن کا مکمل نظارہ کرنے کیلئے بہترین ممالک ہوں گے، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، یورپ اور دیگر خطوں میں بھی اس کا منفرد چاند گرہن کا نظارہ کیا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ رواں سال 2025ء کا پہلا چاند گرہن 14 مارچ کو ہوا تھا، تاہم یہ پاکستان میں نہیں دیکھا جاسکا تھا کیونکہ گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے اور اختتام سہ پہر 3 بجے ہوا۔






















