سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ بی ایل اے کے مجید بریگیڈ کا دہشتگردوں کی فہرست میں شامل ہونا بھارت کیلئے بڑا سفارتی جھٹکا ہے، امریکا نے واضح کردیا کہ وہ ان دہشتگروں کیخلاف پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر لڑے گا۔
سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اسلام آباد میں سماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی ایل اے بلوچستان میں مجید بریگیڈ کا اضافی یونٹ لا رہا تھا، بی ایل اے یا مجید بریگیڈ کا دہشتگردوں کی فہرست میں آنا بھارتی سفارتکاری کے منہ پر طمانچہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکا نے واضح کردیا ہے کہ وہ ان دہشتگردوں کیخلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان تین دہائیوں سے بھارت کی بلوچستان میں مداخلت کا بیانیہ پیش کر رہا ہے اور اب امریکا نے بھی اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے، بھارت خود کو معصوم اور پاکستان کو ولن ثابت کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے، اب حقیقت کھل گئی ہے کہ بھارت خطے میں دہشتگردی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے اسے پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ بلوچستان کے لوگ سونے، کاپر اور دوسری تمام معدنیات سے قیمتی اور اہم ہیں، بلوچستان کے عوام کی سلامتی اولین ترجیح ہے، باقی سب چیزیں ثانوی ہیں۔



















