وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے شمالی علاقہ جات میں شدید بارشوں کے پیش نظر حکام کو اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے متاثرہ علاقوں میں شاہراہوں کی فوری بحالی یقینی بنائے، چیئرمین این ایچ اے اور سینئر افسران موقع پر صورتحال بہترکریں۔
تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان کا کہناتھا کہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بونیرمیں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مون سون کی تازہ لہرسے صورتحال پریشان کن ہو چکی ہے، جہاں سڑکیں بندہیں وہاں متبادل راستوں سے ٹریفک بحال کریں، این ایچ اے لینڈ سلائیڈنگ ہٹانے کیلئے بھی ہنگامی اقدامات کرے، سکردو، جگلوٹ اورملحقہ علاقوں میں بھی این ایچ اے ٹیمیں کام کریں، گلگت بلتستان میں بحالی کے اقدامات کی جلد از جلد رپورٹ پیش کریں۔
وفاقی وزیر مواصلات نے شہریوں کو خبردار رکھنے اور امدادی سرگرمیاں یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مسافروں کی ہرممکن مددکی جائے، صورتحال کی بہتری کیلئے این ایچ اے تمام وسائل بروئے کارلائے۔






















