مسلح افواج نے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم آزادی پر مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد دی گئی۔ پیغام میں کہا گیا کہ مسلح افواج اور عوام کے درمیان غیر متزلزل تعلق ہماری اجتماعی طاقت کا سنگ میل ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ یہ دن اتحاد، لچک اور ایک روشن مستقبل کے مشترکہ وژن کی فتح کا عکاس ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت سروسز چیفس نے کہا ہم اپنے بانیان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں بے مثال جذبے اور قربانیوں سے آزادی کی راہ ہموار کی ۔
مسلح افواج ان رہنماؤں، مدبروں اور سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے اس ملک کی بنیاد رکھی ۔ ہم ان کے ورثے کا احترام کرتے ہوئے قومی سلامتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کا عہد کرتے ہیں۔ ہم آئین کی پاسداری اور ان اقدار کے تحفظ کا بھی عزم کرتے ہیں جو ہماری قومی شناخت کی تعریف کرتی ہیں۔






















