صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے یوم آزادی مبارک پیش کرتاہوں، یہ دن ہمیں اس جرات،اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، آج ہم قائداعظم اور تحریک پاکستان کے تمام کارکنان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں طاقت،عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں فتح تاریخ کا سنہری باب ہے، معرکہ حق میں کامیابی غیر متزلزل قومی عزم پیشہ ورانہ مہارت اور اتحاد کا ثبوت ہے، بھارتی جارحیت کے جواب میں ہم نے تحمل،حکمت اور بھرپور قوت سے وطن کا دفاع کیا، دنیا نے دیکھا پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے اداروں پر اعتماد مزید مضبوط کیا، آج دنیا پاکستان کو امن کے خواہاں ملک کے طور پر دیکھتی ہے، بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیریوں کی جدوجہد حقِ خود ارادیت ہمارے دلوں کے قریب ہے، پاکستان کشمیروں کی غیر متزلزل سفارتی،اخلاقی اور سیاسی حمایت کرتا رہے گا۔



















