اسلام آباد کے بعد ضلع راولپنڈی میں بھی 13 اگست کو مقامی تعطیل کا اعلان ہوگیا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے مقامی تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، مقامی تعطیل کا اطلاق تمام صوبائی اداروں اور محکموں پر ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام ایمرجنسی سروسز پر مامور ادارے معمول کے مطابق کام کریں گے۔
قبل ازیں اسلام آباد میں 13 اگست کو مقامی تعطیل ہوگی، ڈپٹی کمشنر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ سپریم کورٹ سمیت اہم دفاتر کھلے رہیں گے، قومی اسمبلی کا اجلاس بھی معمول کے مطابق ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مقامی تعطیل اسلام آباد کی ریونیو حدود میں ہوگی تاہم ایم سی آئی، سی ڈی اے، آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن اور پولیس دفاتر کھلے رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آئی ای ایس سی او، ایس این جی پی ایل اور اسپتالوں میں بھی تعطیل نہیں ہوگی۔
پاکستان میں ماہ اگست میں یوم آزادی 14 اگست سمیت ایک ساتھ 5 تعطیلات کا امکان ہے۔ کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان میں 14 اگست کو یوم پاکستان پر عام تعطیل ہوگی جبکہ چہلم امام حسین جمعہ 15 اگست کو منایا جائے گا۔
چہلم کی تعطیل وفاقی تعطیلات میں شامل نہیں ہے تاہم صوبائی سطح مقامی تعطیل کی صورت میں متعلقہ علاقوں میں چھٹی ہوگی، گزشتہ سال بھی راولپنڈی اور کراچی میں چہلم کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔
مخصوص علاقوں میں چہلم کی تعطیل کی صورت میں جمعرات 14 اگست، جمعہ 15 اگست، ہفتہ 16 اور اتوار 17 اگست کی تعطیلات یکجا ہوسکتی ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور میں حضرت داتا گنج بخش کے عرس پر 15 اگست کو عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے 15 اگست کو عام تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ لاہور میں 14 اگست یوم آزادی اور 15 اگست کے ساتھ ہفتہ اتوار سمیت 4 دن کی تعطیلات ہوں گی۔
دوسری جانب سندھ بھر میں 15 اگست کو تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ محکمہ تعلیم سندھ نےچہلم امام حسینؓ کے موقع پر سرکاری ونجی اسکولز میں 15 اگست کو تعطیل کا اعلان کیا ہے،محکمہ تعلیم سندھ نےتعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔





















