سینیٹ میں اقلیتوں کے حوالے سے دنیش کمار کی پیش کردہ قرارداد اور وزیر تجارت جام کمال کا پیش کردہ اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز ترمیمی بل دوہزار پچیس منظور کرلیا گیا جبکہ سینیٹ کے دو نئے ارکان نے حلف بھی اٹھا لیا ۔
چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں سینیٹراعظم سواتی اور مشال یوسفزئی کی حلف برداری ہوئی جبکہ سینیٹر گردیپ سنگھ کی والدہ کے انتقال پر ایوان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سینیٹر گردیپ سنگھ سے اظہار تعزیت کیا ۔
اقلیتوں کے حوالے سے منظور قرارداد میں کہا گیا پاکستان کی اقلیتوں نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے،بانی پاکستان نےاعلان کیا تھا کہ تمام شہریوں کو مذہب عقیدے سے بالاتر ہوکر حقوق حاصل ہوں گے،پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مذہبی آزادی سمیت تمام حقوق دیتا ہے،ایوان اقلیتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔
اجلاس میں آئی سی ٹی رائٹس آف پرسنزود ڈس ایبیلٹی ترمیمی بل بارےقائمہ کمیٹی رپورٹ پیش کی گئی ، اسلامی نظریاتی کونسل کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2020-21 اور خواتین کی قومی کمیشن کی صنفی مساوات سے متعلق رپورٹ سینیٹ میں پیش کی گئی ۔






















