نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شدید بارشوں کے پیش نظر ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق دریائے سندھ، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے جبکہ تونسہ، گڈو، مرالہ، خانکی اور قادرآباد پر نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ نالہ ڈیک، نالہ ایک، پلکھو، ہڈیارہ، بین اور بسنتر میں درمیانے سے بلند درجے کے پانی کے بہاؤ کی توقع ہے۔
بارشوں کے نتیجے میں تربیلا ڈیم 96 فیصد اور منگلا ڈیم 64 فیصد بھر چکا ہے جو پانی کے بہاؤ میں اضافے کی ایک وجہ ہے۔
لازمی پڑھیں۔ محکمہ موسمیات کی مون سون کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی
13 سے 15 اگست تک اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں بارشوں کا امکان ہے جس سے اربن فلڈنگ اور سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں اور پلوں کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں کو عبور نہ کریں۔
این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایمرجنسی کٹس تیار رکھیں، مویشیوں اور قیمتی اشیا کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور شہری علاقوں میں واٹر ڈرینج سسٹم کو فعال رکھیں۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ این ڈی ایم اے کے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ اور دیگر سرکاری ذرائع سے تازہ معلومات حاصل کریں۔



















