امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچ لبریشن آرمی کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم (ایف ٹی او) قرار دے دیا ہے اور مجید بریگیڈ کو بی ایل اےکے پہلے سے موجود خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد (ایس ڈی جی ٹی) درجے میں شامل کر لیا ہے۔
بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو 2019 میں متعدد دہشت گرد حملوں کے بعد ایس ڈی جی ٹی قرار دیا گیا تھا۔ 2019 کے بعد سے بی ایل اے نے مزید حملوں کی ذمہ داری قبول کی، جن میں مجید بریگیڈ کے حملے بھی شامل ہیں۔
2024 میں بی ایل اے نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب اور گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس میں خودکش حملوں کی ذمہ داری لی۔2025 میں بی ایل اے نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر مارچ میں ہونے والے ہائی جیکنگ کی ذمہ داری قبول کی،جس میں 31 شہری اور سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے اور 300 سے زائد مسافر یرغمال بنائے گئے۔
محکمہ خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کے دہشت گردی کے خلاف عزم کو ظاہر کرتا ہے۔دہشت گرد قرار دینا دہشت گرد سرگرمیوں کی معاونت روکنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔
وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا بیان
وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی بی ایل اے کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم نامزد کیے جانے کے امریکی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ کے سامنے مقدمہ پیش کرنے کا کریڈٹ وفاقی حکومت اور فیلڈ مارشل کو جاتا ہے، دہشتگردی گروپس نے طویل عرصے سے نسلی اور حقوق کی جھوٹی آڑ میں بے گناہوں کا خون بہایا ہے۔
وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردی دہشت گردی ہے،کوئی بھی وجہ شہریوں کے قتل کا جواز نہیں بنتی،دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے دنیا کو متحد ہونا چاہیے۔






















