استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے ضمنی انتخابات میں مشاورت سے حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
استحکام پاکستان پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس صدر عبدالعلیم خان کی سربراہی میں ہوا۔ عبدالعلیم خان نے اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا، کہا کہ پاک فوج کے سپہ سالار کی بدولت پاکستان کو عالمی سطح پر بے پناہ پذیرائی ملی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ بھارت کیخلاف مختصر جنگ میں پاکستان کو تاریخی کامیابی نصیب ہوئی۔ پاک فوج کو اللہ تعالیٰ نے عزت عطا کی۔ شہدا ہمارے سکھ کیلئے اپنے بچوں کو یتیم کر رہے ہیں۔ پارٹی رہنماؤں کو شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرنا چاہیے۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کی توثیق پر اظہار مسرت کیا۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا استحکام پاکستان پارٹی کے 8 اراکین کی اسمبلیوں میں موجودگی اہمیت کی حامل ہے ۔ سیاست میں حالات تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی نے سیلاب زدہ علاقوں میں پارٹی رہنماؤں کو موقع پر پہنچنا چاہیے۔ کہا سب دکھ سکھ کے ساتھی ہیں ، پارٹی کو مل کر مضبوط کریں ۔ استحکام پاکستان پارٹی نے شاندار عوامی اجتماعات منعقد کئے ۔ آئی پی پی کا آئندہ معرکہ حق کنونشن فیصل آباد میں رکھا جائے گا۔
سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی پارٹی کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کی جلد تقرری پر مشاورت کی گئی، فیصلہ کیا گیا کہ آئی پی پی لاہور سمیت ضمنی الیکشن میں حصہ لے گی۔ کشمیر اور گلگت بلتستان کے انتخابات بھی پوری تیاری سے لڑے گی ۔
اجلاس میں پنجاب حکومت کے بارے میں بعض تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اراکین نے تجویز دی کہ حکومت کو کسان دوست پالیسیاں لانا ہوں گی۔






















