باجوڑ میں جاری امن جرگے کے ساتویں راؤنڈ کے حوالے سے مذاکرات میں ڈیڈلاک پیدا ہوگیا ہے اور دونوں کے درمیان ایک اہم نکتے پر اختلافات برقرار ہے۔
امن جرگہ کے سربراہ صاحبزادہ ہارون الرشید نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دونوں فریقوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے اور انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی بھی جنگ کی صورت میں شہریوں کے جان و مال کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔
صاحبزادہ ہارون الرشید نے کہا کہ جرگہ مستقبل میں بھی امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل ضروری ہے انھوں نے افغان حکومت سے بھی خطے میں امن کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے باجوڑ امن جرگہ کو 9 اگست 2025 کو وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں طلب کیا ہے۔یہ اجلاس صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ 3 اگست 2025 کو جرگہ نے اعلان کیا تھا کہ دونوں فریقوں نے مکمل فائربندی پر اتفاق کیا ہے اور مذاکرات کے لیے شام 6 بجے تک مہلت دی گئی تھی۔ تاہم حالیہ راؤنڈ میں پیش رفت نہ ہونے سے صورتحال پیچیدہ ہوگئی ہے۔






















