کینیڈا کے شہر سرے میں بھارتی کامیڈین کپل شرما کے کیفے "کیپس کیفے" پر چند روز کے دوران دوسری مرتبہ فائرنگ کردی گئی، بشنوئی گینگ نے ذمہ داری قبول کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ کیپس کیفے کی عمارت پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی تاہم جمعرات کو ایک بار پھر کیپس کیفے پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا، کیفے کی کھڑکیوں میں تقریباً 6 گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔
پولیس فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچی، تاہم ابھی تک واقعے سے متعلق باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ فائرنگ کی آواز سن کر نیند سے جاگے جبکہ سوشل میڈیا پر واقعے کی مبینہ ویڈیو بھی سامنے آئی، جس میں گولیوں کی آوازیں سنی گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گرپریت سنگھ عرف گولڈی ڈھلوں اور لارنس بشنوئی گینگ نے مبینہ طور پر کپل شرما کے کیفے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک مبینہ پوسٹ میں کہا گیا ہے آج جو یہ کپل شرما کے کیپس کیفے، میں فائرنگ ہوئی، اس کی ذمہ داری گولڈی ڈھلوں اور لارنس بشنوئی گینگ لیتے ہیں، ہم نے اس کو فون کیا لیکن اس کو فون کی گھنٹی سنائی نہیں دی، اس کارروائی کرنی پڑی، اب بھی اگر فون نہ اٹھایا تو اگلی کارروائی جلد ہی ممبئی میں کریں گے۔
خیال رہے کہ بھارتی کامیڈین و اداکار کپل شرما نے حال ہی میں کینیڈا میں کیفے کھولا، جسے خاصی مقبولیت حاصل ہورہی ہے۔
گزشتہ ماہ کیفے کے افتتاح کے چند دن بعد ہی ’’کیپس کیفے‘‘ پر فائرنگ کا پہلا واقعہ سامنے آیا تھا، جس کی ذمہ داری ہر جیت سنگھ نامی دہشتگرد نے قبول کی تھی اور کپل شرما سے ان کے مبینہ قابلِ اعتراض بیان پر معافی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
کینیڈین پولیس نے کیفے کے ارد گرد سیکیورٹی مزید بڑھا دی ہے اور حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔






















