آن لائن کاروبار پر ٹیکس نیٹ میں وسعت کیلئے ایف بی آر نے آن لائن آرڈر پر نیا سیلز ٹیکس قانون نافذ کردیا۔ ڈیجیٹل آرڈرز پر آن لائن مارکیٹ پلیس، کوریئر اور ادائیگی ایجنٹ سیلز ٹیکس کاٹنے کے پابند ہوں گے۔ کیش آن ڈیلیوری پر بھی سیلز ٹیکس کی کٹوتی لازم قرار دے دی گئی ہے۔
ایف بی آر نے سیلزٹیکس رولز 2006 میں ترمیم کانوٹیفکیشن جاری کردیا۔ رولز میں شامل نئے باب کے تحت مارکیٹ پلیس، کوریئر اور ادائیگی ایجنٹ کو ہرماہ کی 10 تاریخ تک ایس ٹی آر فارم لازمی جمع کروانا لازم ہوگا، سیلز ٹیکس کی مد میں کٹوتی کی رقم ایف بی آر کو جمع کروانا ہوگی۔
ایف بی آرنوٹیفکیشن میں کوریئرز بھی سیلز ٹیکس کی کٹوتی اور ہرماہ ایس ٹی آر چھتیس فارم ایف بی آر کو جمع کرونے کے پابند ہوں گے۔ آن لائن مارکیٹ پلیس کوایس ٹی آر چونتیس فارم کے ذریعے آرڈرز کی رپورٹ دینا ہوگی۔
آن لائن پلیٹ فارمز کو ہر سپلائر کے آرڈرز کی تفصیل دینا لازم ہے، اگر مارکیٹ پلیس کوریئر سروس بھی فراہم کرے، توایس ٹی آر چھتیس بھی جمع کروانا ہوگا۔
کوریئر اور پیمنٹ ایجنٹس کو وینڈر کو سیلز ٹیکس کی کٹوتی کا سرٹیفکیٹ دینا ہوگا۔ سرٹیفکیٹ میں وینڈر کا نام، رجسٹریشن نمبر، اشیاء کی تفصیل اورکٹا ہوا ٹیکس ظاہرہوگا۔






















