اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یمن میں حوثیوں کی جانب سے وسطی اسرائیل کی جانب داغے جانیوالے میزائل کو فضائی دفاعی نظام نے روک لیا۔ میزائل حملے کے بعد کئی علاقوں میں سائرن بج اٹھے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل فوج نے آج منگل کی صبح سوشل میڈیا پر سلسلہ وار پوسٹوں میں بتایا کہ کچھ دیر قبل مختلف علاقوں میں سائرن بجنے کے بعد اسرائیلی فضائیہ کے دفاعی نظام نے یمن سے داغا گیا ایک میزائل تباہ کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک نقشہ بھی جاری کیا جس میں ان مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں سائرن بجے تھے، تاکہ شہریوں کو یمن سے داغے گئے "حوثی میزائل" کے ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ سات اکتوبر 2023 کو غزہ میں جنگ کے آغاز اور حماس کے جنوبی اسرائیل پر غیر معمولی حملے کے بعد سے حوثی ملیشیا اسرائیل کی جانب مسلسل بیلسٹک میزائل اور ڈرون طیارے بھیج رہی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر کو راستے میں ہی روک لیا جاتا ہے۔
حوثی ملیشیا بحیرہ احمر میں ان تجارتی بحری جہازوں پر بھی حملے کرتی ہے جن پر وہ اسرائیل سے تعلق کا الزام عائد کرتی ہے۔
ایران نواز حوثیوں کا کہنا ہے کہ ان کے یہ حملے غزہ میں فلسطینیوں کی حمایت میں کیے جا رہے ہیں۔
اسرائیل ان حملوں کے جواب میں یمن میں حوثیوں کے زیر کنٹرول مقامات پر جوابی کارروائیاں کرتا ہے۔





















