سینئر اسرائیلی حکام نے میڈیا پر دعوی کیا ہے کہ فیصلہ ہوگیا،ہم فوراً غزہ پٹی پر قبضہ کرنے جا رہے ہیں، امریکی صدر نے اسرائیل کو غزہ میں طاقتور فوجی کارروائی کیلئے گرین سگنل دیدیا ہے۔
برطانوی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حماس کے ساتھ بالواسطہ جنگ بندی مذاکرات ناکام ہونے کے بعد اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے سیکیورٹی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں غزہ میں ممکنہ اگلے اقدامات پر فیصلہ کیا جائے گا۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم کی جانب سے فوجی طاقت کے استعمال کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا نے دعوی کیا کہ نیتن یاہو جارحیت کو بڑھا کر پورے غزہ پر کنٹرول حاصل کرنے کی طرف مائل ہیں، جو خطے میں صورتحال کو مزید بگاڑنے کا باعث بن سکتی ہے۔
مشرق وسطیٰ میں امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے گزشتہ ہفتے اسرائیل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیتن یاہو سے ملاقات کی اور جنگ کے خاتمے کے لیے ایک مجوزہ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔ تاہم اسرائیلی حکام غزہ میں فوجی آپریشن کو وسعت دینے اور بعض علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور امریکی ایلچی کے درمیان ملاقات کے بعد ایک اعلیٰ اسرائیلی اہلکار نے کہا کہ واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان جنگ کے بعد کے فریم ورک پر مفاہمت بن رہی ہے، جس کے تحت تمام یرغمالیوں کی رہائی، حماس کو غیر مسلح کرنا اور غزہ کو غیر عسکری علاقہ بنانا شامل ہے۔





















