اسرائیل نے اتوار کی شام یمن سے فائر کیے گئے ایک ڈرون کو روکنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے نتیجے میں جنوبی اسرائیل میں سائرن بجنے لگے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے 'ایکس' اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا کہ بنی نتسریم میں سائرن بجنے کے بعد فضائیہ نے یمن سے آنیوالا ایک ڈرون مار گرایا۔
اسرائیلی اخبار 'یدیعوت احرونوت' کے مطابق بنی نتسریم میں سائرن بجنے کے بعد اسرائیلی فوج نے اس ڈرون کو روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب حوثی ملیشیا کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے کہا ہے کہ انہوں نے ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے اسرائیل میں 3 اہداف پر حملہ کیا جن میں حیفا بندرگاہ بھی شامل ہے۔
بدھ کو حوثی گروہ نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے 5 ڈرونز کے ذریعے اسرائیل میں تل ابیب، عسقلان اور النقب میں 3 فوجی آپریشنز کیے ہیں۔ حوثی گروہ کی طرف سے اس حوالے سے مزید کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
حوثی گروہ اسرائیل پر میزائلوں اور ڈرونز سے مسلسل حملے کرتا رہتا ہے اور ان جہازوں کو بھی نشانہ بناتا ہے جو اس کے خیال میں اسرائیل سے جڑے ہوئے ہیں یا اس کی طرف جارہے ہیں۔ اسرائیل اس کے جواب میں یمن میں حوثی علاقوں میں ان کے ٹھکانوں پر بمباری کرتا ہے۔





















