گلگت بلتستان میں شاہراہ بابوسر سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے سیاحوں کی تلاش کیلئے 14 روز سے جاری سرچ آپریشن روک دیا گیا۔ حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ملبے سے تمام گاڑیاں نکال لی گئیں لاپتہ افراد کا سراغ نہ مل سکا۔
گلگت بلتستان میں دو ہفتے قبل سیلابی ریلے میں متعدد گاڑیاں بہہ گئی تھیں، واقعے میں 10 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتہ ہوگئے تھے، ریلے میں بہہ جانے والوں میں نجی ٹی وی کی اینکر اور ان کے اہلخانہ بھی شامل تھے، تاہم کسی کی بھی لاش نہیں ملی۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ شاہراہ بابوسر پر 14 روز تک سرچ آپریشن جاری رہا، ملبے سے تمام گاڑیاں نکال لی گئی لیکن لاپتہ افراد کا سراغ نہ مل سکا، سیلابی ریلے میں لاپتہ افراد کے بچنے کی امیدیں دم توڑ گئیں۔
انہوں نے کہا کہ 14 روز سے جاری سرچ آپریشن ختم کرکے لاپتہ افراد کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔



















